بھٹکل:21؍ دسمبر(ایس اؤ نیوز ) بھٹکل ودھان سبھا انتخابی حلقہ کے حدود میں کسی بھی پرائیویٹ افراد، اداروں کو گھر گھر پہنچ کر رائے دہندگان (ووٹرس)کی جانکاری حاصل کرنے کی منظوری نہیں دی گئی ہے اور جعلی شناختی کارڈ کے ذریعے معلومات کی ذخیرہ اندوزی کرنے کی سخت ممانعت ہے۔ بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر ممتادیوی نے اس بات کی جانکاری د ی۔
بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر دفتر سے جاری کی گئی پریس ریلیز میں کہاگیا ہےکہ الیکشن کمیشن کی طرف سے16دسمبر2022کو جاری کردہ سرکلر کےذریعے کوئی بھی پرائیویٹ افراد، ادارے ضلع الیکشن کمیشنر اور ضلع ڈپٹی کمشنر کی اجازت کے بغیر گھر گھر کا سروے کرتے ہوئے ووٹروں کی جانکاری حاصل نہیں کرسکتے ۔ گھر گھر کا سروے کرتےہوئے رائے دہندگان کی معلومات کو جمع کرنےپر پابندی عائد کی گئی ہے۔ اسی طرح بھٹکل ودھان سبھا انتخابی حلقہ میں بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر کی جانب سے بھی کسی کو گھر گھر کا سروے کرتےہوئے ووٹروں کی جانکاری حاصل کرنے کےلئے اجازت نہیں دی گئی ہے۔ اگر کوئی فرد یا کوئی ادارہ اس طرح کی کارروائی میں مصروف ہے تو اس کےخلاف دستور کی دفعات کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔